بدھ, دسمبر 4, 2024
اشتہار

”غلط فیصلوں سے ملک کو گندم درآمد کرنے والا ملک بنا دیا گیا“

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ غلط فیصلوں اور حکمت عملی نہ ہونے سے ملک کو گندم درآمد کرنے والا ملک بنادیا گیا

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت گندم کی پیداوار، ذخائر اور کھپت سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کو ملک میں اس سال گندم کی پیداوار کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سال گندم کی مجموعی پیداوار کا ہدف 28.89 ملین میٹرک ٹن تھا، تاہم ملک میں گندم کی متوقع پیدوار 26.173 رہنے کی امید ہے، جبکہ گندم کی ملکی سطح پر مجموعی کھپت کا تخمینہ 30.79 ملین میٹرک ٹن لگایا گیا ہے۔

- Advertisement -

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو موجودہ حکومت کے عوامی ریلیف کیلئے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، حکام نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے فلوز ملز کو گندم فراہمی پر سبسڈی دی جارہی ہے، آٹے کے 10 کلو کے تھیلے کی 400 روپے کی قیمت پر فروخت جاری ہے جبکہ بلوچستان میں بھی یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے سستا آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔

حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ خیبر پختونخوا کو 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی بھی ان اقدامات میں شامل ہیں، وزیر اعظم نے حکام کو خیبرپختونخوا حکومت کیساتھ ملکر کھپت کی نشاندہی اور مطلوبہ گندم کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

شہباز شریف نے گندم اسمگلنگ روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں گندم کی چوری، کرپشن کے خاتمے کیلئے جامع لائحہ عمل بنایا جائے، وزیراعظم نے گندم ذخیرہ کرنے کیلئے سائیلوز کی تعمیر کے حوالے سے حکمت عملی بھی تیار کرنے کی ہدایت دی، انہوں نے کہا کہ سائیلوز کی تعمیر سے چوری اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ‘گندم کے ذخائر کھانے والے “چوہوں“ کو بھی نیب نے پکڑا’

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گندم کی کاشت میں مجرمانہ غفلت، بدانتظامی، لاپرواہی کی وجہ سے کھاد کا بحران پیدا ہوا، اس کی بدولت کسانوں اور ملک کو نقصان پہنچا، پاکستان ایک زرعی ملک ہے، لیکن ملکی گندم پوری کرنے کے بجائے اسے درآمد کرنے والا ملک بنادیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غلط فیصلوں، بر وقت حکمت عملی نہ ہونے سے مسائل پیدا ہوئے، گندم کی سپورٹ پرائس کے دیر سے اعلان سے کاشت میں کمی پیدا ہوئی، اس کا فائدہ براہ راست ذخیرہ اندوزوں کو پہنچانے کی کوشش کی گئی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہتر حکمت عملی سے گندم پیداوار میں خود کفیل بنائیں گے۔

وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو اپنا خریداری ہدف بڑھانے کی ہدایات دیں جبکہ فوڈ سیکورٹی ڈویژن کو ضرورت پڑنے پر بروقت گندم درآمد کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں