اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دے کر ایک روایت قائم کریں ، وہ اسمبلی میں اکثریت کھوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایم کیوایم قیادت اور متحدہ اپوزیشن کی مشترکہ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ میں یقینا بہت اہم دن ہے، قومی یکجہتی کیلئے جتنی کوششیں کی گئیں وہ خراج تحسین ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے دوستوں، ساتھیوں اور ورکرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ، انہوں نے اس اتحاد کو مضبوط کرنے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔
ن لیگی صدر نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کاخصوصی شکرگزار ہوں ، دونوں نے تلخیوں کو بھلا کر کراچی کی ترقی کیلئے فیصلہ کیا ، ایم کیوایم کیساتھ معاہدے پر تمام اکابرین نے دستخط کئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دےکر ایک روایت قائم کریں کیوںکہ عمران خان اسمبلی میں اکثریت کھوچکے ہیں۔
شہباز شریف نے اتحاد سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا امید کرتا ہوں کہ یہ معاہدہ قائم رہےگا اوراس پرمن وعن عمل ہوگا۔