اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس بے بنیاد ہے، پوری پارٹی ان کے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ نیب پوری کوشش کے باوجود رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس نہ بنا سکا، ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ رانا ثنا اللہ کو پانی نہ کھانا دیا جا رہا ہے، ان کی اہلیہ جیل کے باہر کھڑی رہیں اور انھیں ملنے نہ دیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا صرف اینٹی ن لیگ ہے، روزانہ کوئی کیس بنا کر ن لیگیوں کو جیل میں ڈالا جاتا ہے، اے پی سی ہونے جا رہی ہے، مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے، حمزہ کے لیے نہیں عوام کے دکھ درد کے لیے اپوزیشن مل کر کام کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ بھی اپنے خلاف بے بنیاد کیسز کا ذکر کر چکے ہیں، عمران خان کی سوچ سامنے آ چکی ہے، انھوں نے اس وقت کے ڈپٹی چیئرمین نیب کو ہدایت کی تھی کہ رانا ثنا کے خلاف کیسز بنائیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ایم این اے کی زندگی کے ساتھ نہ کھیلیں خدا معاف نہیں کرے گا، میں مطالبہ کرتا ہوں رانا ثنا اللہ کو فی الفور ادویات دی جائیں، ملزم کو انسانی تقاضوں کے مطابق سہولتوں سے محروم نہیں کیا جاتا۔
ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی کہانی 4 سال سے چل رہی ہے، نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ اور دیگر پر کیا الزامات لگے ہیں، آج تک کرپشن کا ایک الزام بھی مسلم لیگ پر ثابت نہ ہو سکا، کرپشن کے الزامات کا پہلے بھی مقابلہ کیا آیندہ بھی کریں گے۔
شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا ہر شخص کہہ رہا ہے موجودہ حکومتی جھوٹی ہے، کرپشن کی حقیقت عوام کے سامنے آ چکی ہے، ٹی وی پر ہر شخص کہہ رہا ہے یہ کیس جھوٹا ہے، آج پاکستان کا ہر شخص پریشان ہے۔