لاہور : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اوورسیزپاکستانیوں کیلئےقومی اسمبلی ،سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی اور کہا اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں مسائل پیش کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نےبیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےحق نمائندگی کانیافارمولاپیش کردیا، جس میں اوورسیزپاکستانیوں کیلئےقومی اسمبلی ،سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دیتے ہوئے کہا اوورسیزپاکستانیوں کے نمائندےپارلیمان میں مسائل پیش کرسکیں گے۔
شہبازشریف نے قومی اسمبلی میں 5 سے7 نشستیں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مختص کرنے اور سینیٹ میں 2 نشستیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مختص کرنے کی تجویز دی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نشستوں پرنمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں، سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے ، اس طریقہ کار سے اوورسیزپاکستانیوں کو پارلیمان میں نمائندگی مل سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزادجموں وکشمیراسمبلی میں اوورسیزپاکستانیوں کے لئے نشستیں مختص کی گئی ہیں ، مسلم لیگ ن جمہوری سوچ ،اصولوں کے تحت ووٹ حق کی حمایت کرتی ہے۔
شہبازشریف نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن کے وقت ملک آکر ووٹ ڈالیں ، بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہماراقیمتی اثاثہ ،پاکستان کی شان ہیں ، بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخرہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی ملک سے محبت کو قدر کی نگاہ سےدیکھتے ہیں ، اوورسیز کمیونٹی کےتمام مسائل کا فوری، منصفانہ اورجائز حل ہونا چاہیے۔
انھوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائدادوں کا قبضہ چھڑانا اولین ترجیح ہے، ان کے سرمایہ کےفروغ اور تحفظ تک تمام مسائل کاحل اولین ترجیح ہے ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق رائے دہی کا احترام کرتےہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نےہمیشہ ان مقاصد کے حصول کیلئےہرممکن کوشش کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی اورقدرکی ، ہمارے دور میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ٹھوس اصلاحات کی گئیں، صوبہ پنجاب میں اوورسیزکمیشن قائم کیا گیا ، اوورسیزکمیشن کے ذریعے 36اضلاع میں رول ماڈل پروگرام تشکیل دیا گیا، اقدامات کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا فوری حل تھا۔