پیر, دسمبر 2, 2024
اشتہار

وزیر اعلیٰ پنجاب کا عمران خان پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف مقامی عدالت میں 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا جس پر عدالت نے عمران خان کو 21 جولائی کا نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل عمران خان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر الزام عائد کیا تھا کہ شہباز شریف نے پاناما لیکس پر مجھے خاموش رہنے پر 10 ارب روپے دینے کی پیشکش کی تھی۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں: 10 ارب کی پیشکش کی گئی، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی طرف سے پہلے بھی پیسوں کے پیشکش کی گئی مگر میری شہباز شریف کے ایک قریبی آدمی سے ملاقات ہوئی جس میں اس نے 10 ارب روپے کی پیشکش کی۔

عمران خان کے اس دعوے کے خلاف وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سینئر وکیل مصطفیٰ رمدے کے توسط سے عمران خان پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کے بیان سے میری ساکھ بری طرح متاثر ہوئی۔ عمران خان سے 10 ارب روپے ہرجانہ وصول کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی درخواست پر لاہور کی مقامی عدالت نے عمران خان کو 21 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

عمران خان کو اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز قانونی نوٹس بھی بھجوا چکے ہیں۔

شہباز شریف کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کا پاناما لیکس پر 10 ارب روپے رشوت کی پیشکش کا بیان سراسر جھوٹ ہے۔ ان کے بیان سے میاں شہباز شریف اور ان کے خاندان کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم عمران خان کی جانب سے لیگل نوٹس کا جواب نہ دینے اور غیرمشروط معافی نہ مانگنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اب دعویٰ دائر کردیا ہے۔


Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں