جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

شہباز شریف چنیوٹ میں، شہریوں کا زمین پر لیٹ کر احتجاج

اشتہار

حیرت انگیز

چنیوٹ: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چنیوٹ کا دورہ کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو اسپتال کی تعمیر نو اور توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد اسپتال کا افتتاح کیا۔

تفصیلات کے مطابق چنیوٹ آمد پر اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اسپتال کی تعمیرِ نو پر 12 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ ہوئے، جب کہ ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کی تعمیر پرایک کروڑ 10 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

شہباز شریف نے اسپتال میں ہونے والے اضافوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ای سی جی، الٹراساؤنڈ کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، بلڈبینک، سی ٹی اسکین، لیپرو اسکوپک سرجری کے شعبے قائم کیے گئے ہیں جب کہ فزیوتھراپی، تھیلے سیمیا اور کارڈیالوجی وارڈ بنائے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ایکسرے اورسی ٹی اسکین اسپتال میں بالکل مفت ہوں گے، اسپتال میں پیتھالوجی لیب بھی بنائیں گے، جس میں خون کے ٹیسٹ بالکل مفت کیے جائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے ووٹ دیا اور ہم پھر حکومت میں آئے تو ایک سال میں اسپتال کی ایک اور نئی عمارت بنائیں گے، ایک زمانہ تھا اس اسپتال میں کوئی آنا نہیں چاہتا تھا، آج یہاں عوام کارش دیکھ کر دلی سکون محسوس ہوا۔

پاک فضائیہ کے تعاون سے فورٹ منرو اسپتال کا منصوبہ اہم سنگ میل ہے، شہباز شریف


شہریوں کا زمین پر لیٹ کر احتجاج


دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کی چنیوٹ آمد پر شہریوں نے زمینوں پر قبضے کے خلاف شدید احتجاج کیا، شہریوں نے زمین پر لیٹ کر پٹواریوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، تاہم شہباز شریف ان کی شکایت سنے بغیر انھیں مایوس کرتے ہوئے وہاں سے روانہ ہوگئے۔

قبل ازیں مظاہرین کے احتجاج نے کمشنر کی دوڑیں لگوا دیں، مشتعل مظاہرین کو پولیس کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، مظاہرین کو روکنے کے لیے کمشنر مومن آغا بھی پہنچ گئے، کمشنر خود پولیس کے ساتھ مظاہرین کو باہر نکالتے رہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز میاں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں بھی پاک فضائیہ کے تعاون سے تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتال فورٹ منرو کے منصوبے کے سلسلے میں ایک یادداشت پر دستخط کیے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں