جے آئی ٹی طلبی، شہباز شریف چودہ طبق روشن کردیں گے، رانا ثناء اللہ JIT
The news is by your side.

Advertisement

جے آئی ٹی طلبی، شہباز شریف چودہ طبق روشن کردیں گے، رانا ثناء اللہ

لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کا طریقہ کار جانو کپتی والا ہے، اسے کنٹینرز سے نیچے اترنا چاہیئے، جب شہباز شریف سے جے آئی ٹی کا آمنا سامنا ہو گا تو اس کے چودہ طبق روشن ہو جائیں گے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے جے آئی ٹی کے سامنے مؤقف پیش کر کے عدل و انصاف کی اعلٰی مثال قائم کی ہے، جے آئی ٹی سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم کی گئی تھی اور اس کے سامنے پیش ہونا ایسے ہی ہے جیسے سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونا۔

انہوں نے کہا کہ اب جے آئی ٹی بھی اپنے اوپر لگنے والے الزامات سے سرخرو ہو تاکہ ان کی رپورٹ پر عوام کو اعتماد ہو،  جے آئی ٹی کی رپورٹ سے انصاف ہوتا نظر آنا چاہیئے اور ایسا کرنے کے لیے تفتیشی افسران کو  کنٹینر سے نیچے اترنا پڑے گا کیونکہ اس وقت جے آئی ٹی نے ہر ادارے سے لڑائی لے رکھی ہے۔

 رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جے آئی ٹی نے تصویر لیک کرنے والے مجرم کی پردہ داری کی، اسے کہاں بھیجا، یہ ابہام دور ہونا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں عوام کی جے آئی ٹی کا فیصلہ دنیا دیکھ لے گی، سترہ جون کو جب شہباز شریف پیش ہوں گے تو جے آئی ٹی لمبے سیشن کے لئے تیار رہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے جوابات جے آئی ٹی کے چودہ طبق روشن کردیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑی جے آئی ٹی کے سامنے سب کچھ رکھیں گے گاڈ فادر کے حقائق بھی رکھیں گے، شریف فیملی کا 1972 سے اب تک بزنس کا احتساب ہو رہا ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں