پیر, دسمبر 9, 2024
اشتہار

شہباز شریف برطانوی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے: شاہد خاقان عباسی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہباز شریف برطانوی عدالت میں ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کسی کے پاس ثبوت ہے تو برطانوی عدالت میں لے کر آئے، لیکن ان میں کسی کو عدالت میں پیش ہونے کی ہمت ہے نہ کوئی ثبوت۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر اور حواریوں سے پوچھا جائے کہ دوروں پر کتنے پیسے خرچ ہوئے، ڈیلی میل میں خبر لگوانا شہزاد اکبر کا کارنامہ ہے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ دشمنی میں برطانوی ادارے کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف اور پنجاب حکومت کا ایرا سے کیا تعلق ہے اس کی تفصیل موجود ہے، کیس بنانے ہیں تو مشرف پر بھی بنا دیں اور اگر ثبوت ہیں تو سیدھا نیب چلے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:  شہباز شریف لندن میں‌ہرجانے کا دعویٰ کریں، ایک ایک ٹی ٹی کا ثبوت دوں گا: شہزاد اکبر

شاہد خاقان نے کہا کہ ایرا کا منصوبہ مشرف دور میں شروع ہوا، شہباز شریف سے تعلق نہیں، بغض میں حکومتی اداروں اور ملازمین کو ملوث نہ کیا جائے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر ایک پریس کانفرنس کریں گے تو ہم تین کریں گے، ہر بات کا جواب دیں گے، ثبوت ہیں تو ایف آئی اے اور نیب کو دیں اور شہباز شریف کو گرفتار کر لیں، عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف شہباز شریف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے۔

شاہد خاقان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پشاور کی بی آر ٹی میں 100 ارب خرچ ہوئے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، عمران خان نے شہباز شریف پر 10 ارب کی آفر کا الزام لگایا تھا، شہباز شریف نے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا مگر عمران خان نے جواب نہ دیا۔

انھوں نے کہا کہ نیب سے درخواست ہے جھوٹا کیس کرنے والوں سے بھی پوچھ گچھ کی جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں