The news is by your side.

Advertisement

لاہور:شراب پی کر طیارے اڑانے کے ملزم کیپٹن عصمت کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

لاہور :‌ انسداد دہشت گردی عدالت نے نجی ایئر لائن کے پائلٹ کیپٹن عصمت کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

شراب پی کر جہاز اڑانے کے ملزم کیپٹن عصمت محمود کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ نجی ایئرلائن کے طیارے خراب ہیں، فضائی کمپنی کو بچانے کیلئے پائلٹ کو پھنسایا جارہا ہے جبکہ سرکاری وکیل نے کہا کہ پائلٹ عصمت کیخلاف کارروائی ہونی چاہیئے تاکہ آئندہ کوئی پائلٹ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرے۔

سماعت کے دوران سول ایوی ایشن کے وکیل اور تحقیقاتی کمیٹی کے رکن کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، جس پر عدالت نے تحقیقاتی کمیٹی کے رکن سمیت غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔

دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے کیپٹن عصمت کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جبکہ ملزم کی جانب سے مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

یاد رہے کہ لاہورایئرپورٹ پر شاہین ایئر لائنز کے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی تھی، جس کے بعد طیارے کے پائلٹ کیپٹن عصمت محمود کو شراب نوشی کرکے طیارہ اڑانے سمیت دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا تھا.

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں