پاکستانی پیس بیٹری کے اہم ہتھیار شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی غرور خاک میں ملاتے ہوئے اے بی ڈی ویلیئرز کا خدشہ غلط ثابت کردیا۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے پاک بھارت میچ سے قبل خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہین آفریدی کی انجری ابھی باقی ہے جو کہ معمولی نوعیت کی ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے وہ اس ردھم میں نظر نہیں آرہے جو ان کا خاصا ہے۔
تاہم پاکستانی پیسر نے نہ صرف مسٹر تھری سکسٹی کی عرفیت سے مشہور جنوبی افریقی لیجنڈ کو غلط ثابت کیا بلکہ اپنی بھرپور پرفارمنس سے انڈین کیمپ پر لرزہ طاری کردیا۔
شاہین آفریدی نے دو ستمبر کو کھیلے جانے والے پاک بھارت میچ میں تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 35 رنز کے عوض روہت، کوہلی، پانڈیا اور جڈیجا کو چلتا کیا تھا، پاکستانی پیسر کی بولنگ پر بھارتی بیٹر کافی مشکلات کا شکار نظر آئے تھے۔
میچ بے نتیجہ ختم ہونے اور ایک پوائنٹ ملنے کے بعد پاکستان سپر 4 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے لیکن اب بھارت کے لیے نیپال سے جیتنا لازمی ہوگیا ہے۔
بھارت کی جانب سے نیپال کو شکست دیتا کی صورت میں روایتی حریف 10 ستمبر کو پھر سے سپر فور مرحلے میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔