اسلام آباد(2 فروری 2026): پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیا ہے۔
شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ اس بات کو یقین رکھتا ہوں کہ جب سیاست کے دروازے بند ہوتے ہیں تو کرکٹ دروازے کھول سکتی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنا افسوسناک ضرور ہے مگر وہ اس فیصلے میں اپنی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ وقت آئی سی سی کے لیے ایک امتحان ہے کہ وہ بیان بازی بجائے اپنے فیصلوں سے ثابت کرے وہ ایک غیر جانبدار، خودمختار اور تمام رکن ممالک کے ساتھ منصفانہ رویہ رکھنے والا بورڈ ہے۔
فیصلہ ہوگیا! پاکستان ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت سے میچ نہیں کھیلے گا
یاد رہے کہ شاہد آفریدی کا یہ بیان حکومتِ پاکستان کی جانب سے 15 فروری کو سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
اتوار کے روز حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرے گی، تاہم گروپ مرحلے میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں نہیں اترے گی، اس فیصلے کا اعلان حکومت کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے کیا گیا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا، پاکستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا، اس کے بعد 10 فروری کو امریکا اور 18 فروری کو نمیبیا سے مقابلہ کرے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


