کراچی : پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے اہم کھلاڑی شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ فائنل نہ کھیلنے کا دکھ ہے، انجری نہ ہوتی تو یقیناً فائنل کھیلتا، پی ایس ایل میں بہترین میچز ہوئے کارکردگی سے خوش اور مطمئن ہوں، فائنل دیکھنے لاہور ضرور جاؤں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’اعتراض ہے‘‘ میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، پروگرام میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے کپتان سرفرازاحمد اور جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل میرے پاس ایک اچھا موقع تھا جس کا فائدہ اٹھایا، پی ایس ایل کے ذریعے نئے ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، اس میں بہت سےنئےکھلاڑیوں کوموقع دیا گیا، محمد اصغرجیسے بولراور بہت سے نئےکھلاڑی متعارف ہوئے ہیں۔
فئیر ویل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فیئر ویل میں نے خود کھوئی ہے، ہرکھلاڑی کو فیئر ویل ملنی چاہئیے، مداحوں کا مشکورہوں اور ان ہی کیلئے کھیلتا آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہی دبئی سے کراچی پہنچا ہوں، ڈیرن سیمی بھی لاہور پہنچیں گے، غیرملکی کھلاڑیوں کیلئے کل ضرور فائنل دیکھنےجاؤں گا، نہ کھیلنے کا دکھ ہے انجری نہ ہوتی توفائنل ضرور کھیلتا۔
ملک میں انٹر نیشل کرکٹ کی واپسی پر خوشی ہے، سرفراز احمد
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ خوشی ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں جو خوش آئند ہے، کوئی بھی ٹیم جیتے فرق نہیں پڑتا جو اچھا کھیلے گا فائنل وہی جیتے گا، جیت صرف پاکستان کی ہونی چاہئیے۔
پی سی بی حکام کو پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے پر مبارکباد دیتا ہوں، فائنل جیتنے کیلئے تمام کھلاڑی بہت پرجوش ہیں تاہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی کمی محسوس کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کیون پیٹرسن کی جگہ نئےغیرملکی کھلاڑی ٹیم میں شامل ہونگے، احمد شہزاد سمیت بہت سے پلیئرفارم میں ہیں اور اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں، پوری لیگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے آئندہ بھی کرینگے، پی ایس ایل میں بہت کچھ سیکھنےکوملا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو دعوت دینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کون ہوتا ہوں دعوت دینے والا، لیکن میری خواہش ہے کہ عمران خان بھی کل میچ دیکھنے آئیں، وہ بہت بڑے کھلاڑی ہیں، اگرمصروفیات نہ ہوئیں تو کل عمران خان بھی قذافی اسٹیڈیم میں ہونگے، کھیل سے محبت کرنے والے ہر شخص جس کو موقع ملے گا تو وہ فائنل دیکھنے ضرور آئے گا۔
امن کا پیغام پہنچانے کیلئے میچ دیکھنے جاؤں گا، سراج الحق
جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پہلی مرتبہ ٹکٹ لے کر محبت اور امن کا پیغام عالمی سطح پر پہنچانے کیلئے پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے جارہا ہوں، اس سے پہلے میچ کبھی کبھی ٹی وی پر میچ دیکھتا رہاہوں۔
انہوں نے کہا کہ 500 روپے سے کم کوئی ٹکٹ نہیں تھا اسی لیے وہی ٹکٹ خریدا، عام شہری ہوں عام پاکستانیوں کے ساتھ ہی میچ دیکھوں گا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہوں، پاکستان میں بھی کرکٹ کے شائقین موجود ہیں توجہ دینی چاہیے، پی ایس ایل فائنل میں پہنچنےوالی دونوں ٹیمیں ہماری ہی ٹیمیں ہیں، پی ایس ایل پاکستان میں ہوتو ملک کا فائدہ ہے،عام شہریوں کا فائدہ ہے۔