تازہ ترین

نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ںے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

اسلام آباد: ایوان صدر میں ہونے والی پُر وقار تقریب میں نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھالیا، صدر مملکت ممنوں حسین نے حلف لیا قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کو پاکستان کا نیا وزیر اعظم منتخب کرلیا گیا انہوں نے 221 ووٹ حاصل کیے۔

 ایوان صدر میں ہونے والی سادہ مگر پُر وقار تقریب حلف برداری میں صدر مملکت ممنون حسین نے نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے حلف لیا، شاہد خاقان عباسی پاکستان کے 28 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔

ایوان صدرمیں ہونے والی اس تقریب حلف برداری میں مسلح افواج کے سربراہان،  اسپیکر،ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، صوبائی گورنرز اور غیر ملکی سفارتکاروں نے شرکت کی۔

تقریب حلف برداری میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابقہ وفاقی وزراء خواجہ آصف، احسن اقبال، عبد القادربلوچ، زاہد حامد، اسحاق ڈار، سعد رفیق، برجیس طاہر، مریم اورنگزیب اور ریاض پیرزادہ نے بھی شرکت کی۔

شاہد خاقان عباسی نئے وزیراعظم منتخب 

خیال رہے سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی نااہلی کے بعد آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ امیدوار شاہد خاقان عباسی نے 221 ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کرلی۔

پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے 47 ووٹ، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کردہ شیخ رشید نے 33 جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کیے یوں ووٹنگ کے نتائج کے مطابق شاہد خاقان عباسی پاکستان کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔


 پڑھیں : نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پہلا خطاب


شاہد خاقان عباسی کی زندگی پر ایک نظر

مسلم لیگ ن کے رہنما اور نو منتخب عبوری وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 27 دسمبر 1958 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کے بعد لارنس کالج مری میں داخلہ لیا، بعد ازاں گریجویشن کے لیے لانس اینجلس یونیورسٹی آف کیلی فورنیا چلے گئے۔

شاہد خاقان عباسی اپنے والد کے انتقال کے بعد پہلی بار 1988 میں راولپنڈی کے حلقہ این اے 50 سے پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ بعد ازاں 1990 میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی وہ دوسری بار اسمبلی کا حصہ بنے۔

پھر 1993 میں وہ تیسری بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہو کر اسمبلی کا حصہ بنے۔

سنہ 1997 میں نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو قومی ایئر لائن پی آئی اے کا چیئرمین منتخب کیا۔

سنہ 1999 میں مشرف کی جانب سے نافذ ہونے والے مارشل لا میں شاہد خاقان عباسی گرفتار بھی ہوئے اور نواز شریف کے ہمراہ جیل میں 2 سال تک قید و بند کی صعوبتیں برداشت۔ 2001 میں عدالت نے انہیں بے گناہ قرار دے کر بری کردیا۔

سنہ 2008 میں ہونے والے انتخابات میں شاہد خاقان عباسی ایک بار پھر اسمبلی رکن بننے میں کامیاب ہوئے اور مسلم لیگ کی جانب سے پیپلزپارٹی کی مخلوط حکومت وفاقی وزیر برائے تجارت کا قلمدان سنبھالا تاہم جلد ہی مسلم لیگ (ن) مخلوط حکومت سے علیحدہ ہوگی جس کے بعد شاہد خاقان عباسی بھی مستعفی ہو گئی۔

 بعد ازاں 2013  کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 50 سے چھٹی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور نواز شریف نے انہیں اپنی کابینہ میں وزارت پٹرولیم کی ذمہ داری سونپی اور 28 جولائی 2017 سے قبل وہ اسی عہدے پر کام کرتے رہے۔

 تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت نے انہیں عبوری وزیر اعظم بنانے کی منظوری دی۔


Comments

- Advertisement -