اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ رہبر کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن کے مشترکہ جلسوں، ریلیوں کے طریقہ کار بھی غور ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رہبرکمیٹی کے پہلے اجلاس میں چیئرمین شپ کا فیصلہ ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رہبرکمیٹی کی چیئرمین شپ کا ہرجماعت کوموقع دیا جائے گا، ایجنڈا رہبر کمیٹی خود ہی طے کرے گی، اپوزیشن وقت کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل بھی بنائے گی۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن کے مشترکہ جلسوں، ریلیوں کے طریقہ کاربھی غور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایل این جی کیس میں جو سوالات پوچھے ان کا نہ کوئی سرناہی پیرہے، میں نے نیب کوسیکڑوں سوالات کے جواب لکھ کردیے ہیں، سوالوں کے جواب ویب سائٹ پربھی دے دیے ہیں تاکہ عوام دیکھ سکیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بی کلاس قانون سوچ سمجھ کربنایا گیا تھا، ترمیم کی ضرورت نہیں ہے، ہمارے ملک میں سیاسی قیدیوں کی روایت ہے، بی کلاس سیاسی قیدیوں کو دیگرقیدیوں سےعلیحدہ رکھنے کے لیے ہے۔