لاہور : سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر شاہدخاقان عباسی نے غیرمعمولی حالات کی صورت میں حکومت کی مدت میں توسیع کا عندیہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ غیرمعمولی حالات ہوں تو حکومت کی مدت میں توسیع ہوسکتی ہے، اس کے بغیر حکومت کی توسیع مثبت عمل نہیں ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ شوق ہیں، ٹیکنوکریٹ کی بات بھی ان میں شامل ہے، ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ کہاں سے آجائے گا، بطور سیاستدان میرا کام ہے، ہر غیر جمہوری اور غیرآئینی عمل کی مخالفت کروں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسد قیصر بتائیں کس نے انکو ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کا پیغام دیا، نام لیں، ن لیگ سے اگر ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی بات ہوئی تو مخالفت کروں گا۔
مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ آج تک ہماری جماعت میں ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ پرکوئی بات نہیں ہوئی، جواسپیکر ملک کا آئین توڑےاس سے سچی بات کی توقع نہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم معجزوں کی تلاش میں رہتے ہیں اورملکی مسائل کا کوئی معجزاتی حل نہیں ، جو فیصلے کیے یہ کچھ بھی نہیں، مشکل فیصلوں کا لمبا پراسیس کرنا پڑے گا۔