حیدرآباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایل این جی معاہدے میں شاہد خاقان عباسی کو اندر کراؤں گا، ثابت کروں گا شاہد خاقان ایل این جی میں پارٹنر ہیں، ثابت نہ کرسکا تو سیاست سے دست بردار ہوجاؤں گا۔
حیدرآباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عوام اٹھیں اور ڈاکوؤں کے خلاف اعلان جنگ کریں، چوروں اور ڈاکوؤں سے صرف عمران خان ہی نجات دلاسکتے ہیں، غریب، تبدیلی، انقلاب کی آواز ہوں، عمران خان کے ساتھ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نیب شریف خاندان کی اپنی ہے اس لیے آج پیش نہیں ہوئے، رانا ثناء اللہ کو دیکھو کیا وزیر ایسا ہوتا ہے؟ میرے پاس ایک 62، 63 کی پستول ہے جو ٹک کرکے لگی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف دبئی میں، وزیر داخلہ سعودی عرب میں ملازم ہیں، وزیر خارجہ دبئی میں ملازم، کلثوم نواز کا دبئی کا اقامہ ہے، ترقی صرف شریف خاندان کی ہے۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کے دادو کے جلسے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سنا ہے دادو میں جلسی ہوئی تھی، جلسہ جلسی کا فرق سمجھتے ہو؟ ایک جلسہ پنڈال میں ہے، ایک باہر اور ایک اسٹیج پر ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جس نے پاک فوج، عدلیہ کے خلاف بات کی اس کی زبان کھینچ لی جائے گی۔
شیخ رشید احمد نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کو آج معاف کردو ہماری لڑائی بڑی ہے۔