کراچی (04 جون 2026): شارع فیصل پر ٹریکٹر کی زد میں آ کر 12 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
کراچی کے علاقے شارع فیصل پر کراچی پولیس آفس (کے پی او) کے قریب پیش آنے والے افسوس ناک ٹریفک حادثے میں 12 سالہ بچہ عثمان جاں بحق ہو گیا۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک تیز رفتار ٹریکٹر گلی سے گزر رہا تھا۔ اسی دوران 12 سالہ عثمان سائیکل چلاتے ہوئے فیصل اپارٹمنٹ سے باہر نکلا۔ فوٹیج کے مطابق عثمان کی سائیکل کا اگلا ٹائر ٹریکٹر کے پہیے سے ٹکرایا، جس کے باعث وہ سڑک پر گر گیا۔
سڑک پر گرتے ہی بچہ ٹریکٹر کے پچھلے ٹائر تلے آ گیا اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق متوفی عثمان کراچی پولیس آفس کے قریب واقع فیصل اپارٹمنٹ کا رہائشی تھا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق عثمان چوتھی جماعت کا طالب علم تھا اور 4 بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے، جب کہ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
عدنان راجپوت اے آر وائی نیوز سے بطور کرائم رپورٹر وابستہ ہیں


