The news is by your side.

Advertisement

بااثر قیدیوں کو نجی اسپتال میں رکھنے کا معاملہ، سینٹرل جیل کراچی کے سپرنٹنڈنٹ حسن سہتو معطل

کراچی : بااثر قیدیوں کو نجی اسپتال میں رکھنے کے معاملے پر سینٹرل جیل کراچی کے سپرنٹنڈنٹ حسن سہتو کو معطل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے شاہ زیب قتل کیس میں سزائے موت پانے والے مجرم شاہ رخ جتوئی کو نجی اسپتال میں رکھنے کے معاملے پر جیل سپرنٹنڈنٹ حسن سہتو کو معطل کردیا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے جیل سپرنٹنڈنٹ حسن سہتو کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

یاد رہے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی جیل کے نجی اسپتال میں رہائش پذیر ہونے کا انکشاف ہوا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپتال کی بنیاد شاہ رخ جتوئی کے والد نے رکھی تھی اور نجی اسپتال شاہ رخ جتوئی کی رہائش کے لیے ایک بنگلے میں بنایا گیا تھا۔

بعد ازاں سزا یافتہ قیدیوں کو پرائیویٹ اسپتالوں میں رکھنے کے معاملے میں جیلر،آئی جی جیل اورمحکمہ داخلہ کے حکام ملوث نکلے تھے ، قیدیوں کی وی آئی پی سہولیات کو مکمل صیغہ رازمیں رکھا جاتا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی سینٹرل جیل سے 8 سزا یافتہ قیدیوں کو پرائیویٹ اسپتالوں میں رکھا گیا جبکہ 13 اندر ٹرائل قیدیوں کو بیماری کی آڑ میں مختلف اسپتالوں میں ایڈمٹ کیا گیا اور مجموعی طور پر 21 قیدی لمبے عرصے سے آزادی کے مزے لے رہے تھے، اسپتالوں میں آفیشل ایڈمیشن کے بعد قیدی اپنے گھروں میں موجود ہوتے تھے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ مخصوص اوقات میں اسپتال کا وزٹ کیا جاتا تھا اور قیدیوں کی وی آئی پی سہولیات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جاتا تھا۔

ذرائع کے مطابق جیلر آئی جی جیل اور محکمہ داخلہ قیدی کی ہر معاملے سے باخبر تھا اور ساتھ بھیجے جانے والے قیدیوں سمیت جیل عملے کو بھاری معاوضہ ملتا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں