The news is by your side.

Advertisement

‘گھر کے باہر پولیس کھڑی ہے گرفتاری سے گھبرانے والا نہیں’

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لال حویلی کے باہر سرکای گاڑیاں موجود ہیں لیکن گرفتاری سے گھبرانے والا نہیں ہوں۔

ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ سرکاری نمبرپلیٹ والی 4 سرکاری گاڑیاں میرے گھر کے باہر کھڑی ہیں جس میں سادہ لباس میں پولیس اہلکار موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں گھبرانے والا نہیں ہوں اللہ کی ذات پر پورا یقین ہے گرفتار بھی ہو گیا جو انشااللہ نہیں ہوں گا اپنے وقت کےمطابق پہنچوں گا لال حویلی سے 2 بجے نکلیں گے اللہ کامیابی دےگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے گھر کے باہر سرکاری گاڑیاں کھڑی ہیں لیکن اللہ بہتر کرے گا 25 تاریخ کو عمران خان کےلانگ مارچ میں ضرورپہنچوں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد آنے والے حقیقی آزادی لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکومت نے منصوبہ تیار کرلیا ہے جس کے لیے دیگر صوبوں سے بھی نفری طلب کرلی گئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے 22 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اتنی بڑی تعداد کو پورا کرنے کیلیے حکومت نے دیگر صوبوں سے بھی نفری طلب کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے 2 ہزار سے زائد فرنٹیئر کانسٹیبلری اہلکار طلب کیے ہیں اس کے علاوہ 8 ہزار پنجاب کانسٹیبلری، 2 ہزار اینٹی رائٹ اہلکار، سندھ سے 2 ہزارپولیس اہلکارطلب کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ دھرنے کے شرکا سے نمٹنے کےلیے 4 ہزار رینجرز اہلکاروں سمیت 500 خواتین اہلکاروں کو بھی طلب کیا گیا ہے جب کہ مختلف صوبوں سے 100 قیدی وینز بھی منگوائی گئی ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں