ڈھاکا: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے بلے باز شکیب الحسن نے مہاجرین کے پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کیا اور وہاں کی تمام تر صورتحال کو عوام کے سامنے رکھتے ہوئے اپیل کی کہ روہنگیا کے مسلمانوں کی دل کھول کر مدد کریں۔
بنگلہ دیش میڈیا کے مطابق شکیب الحسن جو یونیسیف کے خیرسگالی سفیر ہیں انہوں نے بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ کیا اور متاثرین کے ساتھ وقت گزارا۔
اس موقع پر بنگلہ دیشی بلے باز نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں کیونکہ کیمپس میں ناکافی سہولیات کی وجہ سے مہاجرین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
یونیسیف کے آفیشل پیچ پر شکیب الحسن کے دورے کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے کہا کہ ’میں یونیسیف کے ساتھ روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر موجود ہوں اور اپنی آنکھوں سے یہاں کے حالات دیکھ رہا ہوں‘۔
پڑھیں: قوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے روہنگیا مظالم کو مسلمان نسل کشی قرار دے دیا
بنگلہ دیشی اسٹار کرکٹر نے کہا کہ مہاجرین کے لیے بہت سارے ممالک امداد دے رہے ہیں تاہم مشکل کی اس گھڑی میں قوم کو بھی روہنگیا کے مسلمانوں کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیے۔
شکیب الحسن نے مزید کہا کہ ’مہاجر کیمپس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود ہے جنہیں بے پناہ مسائل کا سامنا ہے، آپ بھی خود آکر یہاں کے حالات کا جائزہ لے سکتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر میں برما کے گاؤں رخائن میں حکومت نے فوجی آپریشن کیا کیا جس کی آڑ میں مسلمانوں پر بے تحاشہ مظالم کیے گئے، جس کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں مسلمان شہید اور لاکھوں ہجرت کرچکے ہیں، اقوام متحدہ نے بھی برما کی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان مظالم کو فوری طور پر بند کرے۔
مزید پڑھیں: روہنگیا مسلمانوں پر مظالم، اداکارہ میرا کا برما جانے کا اعلان
یاد رہے کہ سنہ 2011 میں میانمار میں فوجی حکومت کے خاتمے کے بعد جمہوری حکومت قائم ہوئی تھی اور امید ہوچلی تھی کہ خطے میں طویل عرصے سے جاری اس کشمکش کا خاتمہ ہوسکے گا‘ تاہم ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
موجودہ صورتحال کے بعد بدھ مت کے مذہبی پیشوا دلائی لامہ نے بھی مسلمانوں کے حق میں بیان دیا اور کہا کہ اگر گوم بدھ زندہ ہوتے تو وہ روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے اور مظلوموں کا ساتھ دیتے۔