کراچی (05 اکتوبر 2025): محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود طوفان شکتی نے شدت اختیار کر کے شدید سائیکلون کی شکل اختیار کر لی ہے۔
یہ طوفان اس وقت کراچی سے تقریباً 390 کلو میٹر جنوب جنوب مغرب میں موجود ہے، ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے ساتواں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مغرب اور جنوب مغرب کی جانب بڑھے گا، جس کے بعد اپنی سمت تبدیل کر کے مشرق اور شمال مشرق کی طرف جائے گا اور بتدریج کم زور ہونا شروع ہو جائے گا۔
ویڈیو رپورٹ: پاکستان میں بننے والی گاڑیوں میں سیفٹی فیچرز کے حوالے سے ہولناک انکشاف
سندھ کے ساحلی اضلاع بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور جامشورو میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے امکانات ہیں، جب کہ کراچی کے چند علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ 5 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جائیں تاکہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔ کراچی کی ساحلی پٹی پر بارش کا امکان ہے اور شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طوفان کے باعث سمندر میں شدید لہریں بھی متوقع ہیں۔


