اسپورٹس تجزیہ کار شاہد ہاشمی کا کہنا ہے کہ شامل حسین زیادہ بول گئے، بلا چلانے کے ساتھ ساتھ زبان پر بھی کنٹرول ہونا ضروری ہے۔
پی ایس ایل 11 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر بیٹر شامل حسین نے گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف 24 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی تاہم میچ کنگز نے 14 رنز سے جیت لیا۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شامل حسین کا کہنا تھا کہ میرا فوکس محنت پر ہے تنقید سے پریشان نہیں ہوتا، لوگوں کی تنقید پر اپنا بیٹنگ اسٹائل تبدیل نہیں کرسکتا، کچھ غلط ہوا تو ضرور بہتر کرنے کی کوشش کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نہ ہی میں لوگوں کی وجہ سے ٹیم میں آیا ہوں اور نہ ہی ان کی وجہ سے باہر ہوں گا۔
یہ پڑھیں: لوگوں کی تنقید پر اپنا بیٹنگ اسٹائل تبدیل نہیں کرسکتا، شامل حسین
اسپورٹس تجزیہ کار شاہد ہاشمی نے کہا کہ شامل حسین تھوڑا زیادہ بول گئے، آپ کو بلا چلانے کے ساتھ ساتھ زبان پر بھی کنٹرول ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بنگلادیش کے خلاف دو میچوں میں پرفارم نہیں کرسکے تیسرے میچ میں انجری کی وجہ سے میچ نہیں کھیلا۔
شاہد ہاشمی نے کہا کہ میں، کامران اکمل، باسط علی، مصباح الحق جتنے لوگوں نے بھی شامل حسین کو ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے دیکھا ہے ان کی تعریف کی ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ ان کے بیان پر افسوس ہوا ہے، ابھی شامل کی کرکٹ شروع ہوئی انہیں اس پر توجہ دینی چاہیے، انہیں سوال کا جواب اچھے سے دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی میڈیا ڈپارٹمنٹ کو نئے کھلاڑیوں کو بتانا پڑے گا کہ جیسا بھی سوال ہو جواب کس طرح دینا چاہیے۔


