کراچی : مفتی نظام الدین شامزئی اور مولاناعبدالمجید دین پوری کا قاتل کراچی ایف بی ایریا سے پکڑا گیا، وصی حیدر نے انسپکٹر ناصرالحسن کے قتل کا بھی اعتراف کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی، تھانہ ایف بی ایریا کی حدود سے مشتبہ ٹارگٹ کلر وصی حیدر کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے معروف عالم دین مفتی نظام الدین شامزئی، مولاناعبدالمجید دین پوری، حافظ محمد احسان سمیت دیگر مذہبی شخصیات کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ فیروزشاہ کے مطابق پولیس انسپکٹر ناصر الحسن، ہائیکورٹ کے ملازم بشیراحمد سمیت ملزم دیگر افراد کے قتل میں بھی ملوث رہا ہے۔
ٹارگٹ کلر کو پولیس نے فیڈرل بی ایریا سے مقابلےکے بعد اسلحہ سمیت گرفتارکیا، خونریزی کیلئے دوہزار دو میں حیدرآباد سے کراچی منتقل ہونے والے ٹارگٹ کلر وصی حیدر نے اکتیس مئی دوہزار چار کو مفتی شامزئی کو قتل کیا تھا۔
حکومت نے مفتی شامزئی کے قاتل کی گرفتاری پر پچاس لاکھ روپے انعام رکھا تھا جبکہ مولاناعبدالمجیددین پوری اکتیس جنوری دو ہزار تیرہ کووصی حیدر کی بارود اگلتی گولیوں کا نشانہ بنے۔