لاہور (9 جون 2026): پی سی بی کا اجلاس چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ہوگا جس میں اہم عہدوں پر تقرریوں اور تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا اہم دو روزہ اجلاس 12 اور 13 جون جمعہ اور ہفتے کو ہوگا جس میں اہم عہدوں پر تقرریوں سمیت ٹیم منیجمنٹ میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بڑے فیصلے کیے جانے سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کے مستقبل سے متعلق بھی اہم فیصلہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو ہٹائے جانے کا فیصلہ ہونے کا امکان ہے اور ان کی جگہ ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا کو قیادت سونپی جا سکتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ محمد حفیظ کو ڈائریکٹر انٹرنیشنل بنائے جانے کا امکان ہے جب کہ ٹیم منیجمنٹ میں دیگر اہم تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوری 2024 میں شان مسعود کو طویل فارمیٹ کی قیادت سونپی تھی۔
تاہم تقریباً ڈھائی سال کے دوران ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی انتہائی شرمناک رہی ہے اور قومی ٹیم نے ان کی قیادت میں 16 میں سے صرف 4 میچ ہی جیتے ہیں۔
ان کی زیر قیادت سب سے شرمناک کارکردگی بنگلہ دیش سے ہوم اور اوے دونوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی خفت اٹھانا جیسی بدترین کارکردگی شامل ہے، جب کہ اسی دوران شان مسعود کی بطور بیٹر ذاتی کارکردگی بھی تنزلی کا شکار رہی ہے۔


