اشتہار

شان الحق حقی: اردو زبان و ادب کی ایک ہمہ جہت شخصیت

اشتہار

حیرت انگیز

شان الحق حقی کو اردو زبان و ادب میں ایک ہمہ جہت شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جو لسانیات، لغات اور وضعِ اصطلاحات میں سند سمجھے جاتے تھے۔ انھوں نے نظم و نثر میں تخلیقی کام کے علاوہ تحقیق، تنقید، تراجم اور تدوین و تالیف پر مبنی بڑا سرمایہ یادگار چھوڑا ہے۔ شان الحق حقی نے بڑوں کے لیے ہی نہیں بچّوں کی تعلیم و تربیت کے لیے بھی خوب خوب کام کیا ہے۔ زبان کے مسائل، ادبی اور معیاری املا کی ترویج کے لیے شان الحق حقی کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

شان الحق حقی کا تعلق دہلی سے تھا جہاں وہ 15 ستمبر 1917ء میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم دہلی سے مکمل کرنے کے بعد سینٹ اسٹیفن کالج میں داخلہ لیا اور پھر علی گڑھ یونیورسٹی سے بی اے کیا۔ اس سلسلۂ تعلیم کو جاری رکھتے ہوئے انھوں‌ نے دہلی یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور انگریزی ادب میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ تقسیم ہند کے بعد شان الحق حقی ہجرت کر کے کراچی آگئے تھے۔ یہاں شعبۂ اطلاعات و نشریات سے وابستہ ہوئے۔ پاکستان کے معروف براڈ کاسٹر اسلم اظہر(مرحوم) لکھتے ہیں کہ ’’حقّی صاحب نے کمال پسندی (perfectionism) کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمال کیا ہے۔ وہ ایک کمال پسند یعنی perfectionist تھے۔ چاہے وہ اشتہار سازی کا پیشہ ہو، لغت نویسی ہو، تراجم، تحقیقی یا تنقیدی مضامین، افسانے، شاعری، بچّوں کا ادب یا مزاحیہ ادب، وہ اپنی بہترین تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لاکر ہمیشہ بہترین شکل میں پیش کرتے تھے۔‘‘

شان الحق حقی کو انجمن ترقیِ اردو پاکستان نے ان کی ادبی خدمات پر 1991ء میں ”نشانِ سپاس“ پیش کیا۔ قبل ازیں، حکومتِ پاکستان کی جانب سے 1968ء میں انھیں تمغۂ قائدِاعظم اور 1985ء میں ستارۂ امتیاز سے نوازا گیا تھا، جب کہ اسلام آباد میں ایک سڑک بھی ان سے منسوب ہے۔ شان الحق حقّی شیخ عبدالحق محدّث دہلوی کی تیرہویں پیڑھی سے تعلق رکھتے تھے اور اُردو کے مایہ ناز ناول نگار ڈپٹی نذیر احمد کے پڑ نواسے تھے۔ انھیں شروع ہی سے علم و ادب سے لگاؤ ہوگیا تھا اور زبان و بیان کے مسائل خاص طور پر ان کی توجہ حاصل کرلیتے تھے جس میں غور و فکر اور عمیق مطالعہ سے وہ ایک ماہرِ لسانیات اور محقق کے طور پر سامنے آئے۔ شان الحق حقی مختلف رسائل و جرائد کے مدیر رہے۔ پاکستان میں محکمۂ اطلاعات، اشتہارات و مطبوعات و فلم سازی میں ملازمت کے دوران انھوں نے بڑا اہم کام کیا۔ ترقیِ اردو بورڈ (کراچی) اور مقتدرہ قومی زبان کے لیے گراں قدر علمی خدمات انجام دیں۔ وہ کثیر اللسان محقق تھے۔ شان الحق حقی عربی، فارسی، ہندی، سنسکرت، ترکی اور فرانسیسی زبان بھی جانتے تھے۔

ان کی تصانیف میں تارِ پیراہن (منظومات)، نکتہ راز (مضامین)، خیابانِ پاک، نشیدِ حریت، اور انجان راہی شامل ہیں۔ ان کی تیار کردہ لغات کے علاوہ مختلف تراجم پر مبنی کتب اور اردو زبان و بیان پر مضامین بھی بہت اہم ہیں۔ ان کی کتابوں کی تعداد 60 سے زائد ہے۔ شان الحق حقی نے شاعری سے لے کر صحافت تک خوب کام کیا اور نام و مقام بنایا۔ انھوں نے بچّوں کے لیے کہانیاں اور نظمیں لکھیں جب کہ افسانہ نگاری بھی کی۔ شان الحق حقی کی کتابیں ملکی لائبریریوں سمیت لائبریری آف کانگریس اور یونیورسٹی آف ٹورنٹو لائبریری میں بھی موجود ہیں۔ شان الحق حقی کینیڈا منتقل ہوگئے تھے جہاں 11 اکتوبر 2005ء کو اس جہانِ فانی کو خیر باد کہا۔

شان الحق حقی کی ایک مشہور غزل شاید آپ نے بھی سنی ہو، جس کا مطلع ہے۔

تم سے الفت کے تقاضے نہ نباہے جاتے
ورنہ ہم کو بھی تمنّا تھی کہ چاہے جاتے

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں