جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

شندور پولو کپ: جی بی نے چترال کو 15 سال بعد شکست سے دوچار کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

رپورٹ: سید نذیر حسین شاہ

شندور (14 جون 2026): گلگت بلتستان کی ٹیم نے روایتی حریف چترال کو 5 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر 15 سال بعد شندور پولو کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

چترال اور گلگت بلتستان کے سنگم پر واقع دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں تین روزہ شندور پولو فیسٹیول 2026 رنگارنگ تقریبات، ثقافتی سرگرمیوں اور سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے فیسٹیول میں فائنل میچ کو ملکی و غیر ملکی سیاحوں سمیت چترال اور گلگت بلتستان سے آنے والے 25 ہزار سے زائد شائقین نے دیکھا۔ میچ ابتدا ہی سے انتہائی دل چسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا۔ پہلے ہی منٹ میں چترال کے اظہار علی خان نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جب کہ چند منٹ بعد نصیر اللہ نے دوسرا گول اسکور کر کے چترال کی پوزیشن مزید مستحکم کی۔ تاہم گلگت بلتستان کی جانب سے ذوالفقار اور نازید نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور برابر کر دیا۔

پہلے ہاف کے اختتام تک چترال کو 5 کے مقابلے میں 4 گول کی برتری حاصل تھی، تاہم دوسرے ہاف میں گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مزید 2 گول اسکور کیے جب کہ چترال صرف ایک گول کرنے میں کامیاب رہی۔ یوں میچ کے اختتام پر گلگت بلتستان نے 5 کے مقابلے میں 6 گول سے کامیابی حاصل کر کے شندور پولو کپ اپنے نام کر لیا۔

چترال کی ٹیم کی قیادت اسرار ولی خان نے کی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہار علی خان، شہزاد احمد شاہ جی، نصیر اللہ، امیر حمزہ اور باب قلی شامل تھے۔ گلگت بلتستان کی ٹیم میں شاہ اعظم، صدام راجی، ذوالفقار، نازید، ناصر اور اسلم شامل تھے۔ چترال کی جانب سے اظہار علی خان نے 3 جب کہ شاہ جی اور نصیر اللہ نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ گلگت بلتستان کی جانب سے ذوالفقار نے 3، نازید نے 2 اور شاہ اعظم نے ایک گول کیا۔

میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے چند کھلاڑی زخمی بھی ہوئے۔ دوسرے ہاف میں چترال کے نصیر اللہ اور ارباب جب کہ گلگت بلتستان کے اسلم اور ناصر انجری کے باعث میچ سے باہر ہو گئے۔

بعد ازاں 11 کور پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے کامیاب اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ فیسٹیول کے اختتامی روز شندور میں ثقافتی رنگ بھی عروج پر رہے۔ کیلاشی ڈانس، مختلف بینڈز کی موسیقی، روایتی ثقافتی پروگراموں اور پیرا گلائیڈنگ کے شان دار مظاہروں نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے ملی نغمے پیش کر کے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔

اس سال شندور پولو فیسٹیول کا انعقاد خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، چترال اسکاؤٹس، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا۔ فیسٹیول کے دوران شندور کے سرسبز میدانوں میں عارضی خیمہ بستیاں قائم کی گئیں جہاں ہزاروں سیاحوں اور شائقین نے قیام کر کے فیسٹیول کی سرگرمیوں سے لطف اٹھایا۔

دوسری جانب اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) نے پہلی مرتبہ شندور میں کال اور فور جی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی، جسے شائقین، سیاحوں اور مقامی افراد نے بے حد سراہا۔ اس جدید مواصلاتی سہولت کے ذریعے لوگ اپنے اہل خانہ اور دوستوں سے مسلسل رابطے میں رہے جب کہ پولو میچز، ثقافتی پروگراموں اور شندور کے دل کش مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز فوری طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر تک پہنچائی گئیں۔

فیسٹیول میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ شندور جیسے دور افتادہ مقام پر معیاری فور جی انٹرنیٹ سروس کی فراہمی ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملا بلکہ شندور فیسٹیول کی عالمی سطح پر تشہیر میں بھی نمایاں مدد ملی۔

قدرتی حسن سے مالا مال شندور ایک بار پھر پاکستان کی سیاحت، ثقافت اور روایات کا مرکز بن گیا۔ فیسٹیول نے نہ صرف کھیلوں کے فروغ بلکہ قومی یکجہتی، ثقافتی ہم آہنگی اور چترال و گلگت بلتستان کے درمیان تاریخی، سماجی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کا واضح پیغام دیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں