آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈ اسپنر شین وارن بالی وڈ سے پیشکش کا انتظار کرتے کرتے دنیا سے رخصت ہوگئے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شین وارن نے اپنے پرانے انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ مجھے بالی وڈ سے پیشکش کا انتظار ہے، ایک بھارتی پروڈکشن کمپنی نے میری زندگی پر مبنی فلم بنانے کے لیے بات چیت کی تھی لیکن کورونا کی وجہ سے اس پر کام رک گیا۔
شین وارن نے کہا تھا کہ امید ہے کہ سال کے آخر تک فلم پر کام کیا جائے گا، میں فلم میں لیونارڈو ڈی کیپریو یا بریڈپٹ کو پیش کرنا چاہتا ہوں۔
مزید پڑھیں: پریتی زنٹا کا شین وارن کی وفات پر جذباتی پیغام
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے فلم کا اسکرپٹ لکھا ہے اور کمپنی اسے شوٹ کرنا چاہتی ہے، یہ بنیادی طور پر ایک ہالی وڈ فلم ہے جسے بھارت کے لیے شوٹ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ معروف آسٹریلوی اسپنر شین وارن گزشتہ روز 52 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔ شین وارن چھٹیاں گزارنے کے لیے تھائی لینڈ کے علاقے کوہ سمائی میں موجود تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا۔
آسٹریلوی لیجنڈ شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 145 ٹیسٹ میں 708 وکٹیں حاصل کیں۔ اسپنر نے 194 ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 293 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوینٹی میں ان کی وکٹوں کی تعداد 70 تھی۔