اسلام آباد: پاناما کیس میں دفاع کے لئے شریف فیملی نے اہم دستاویزات منگوالیں، وزیر اعظم کے بچوں کے وکیل نے انکشاف کیا ہے کہ دبئی، سعودی عرب اور دیگر ملکوں سے اہم ریکارڈ منگوالیا، آج یا کل سپریم کورٹ میں جمع کرادیا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ مین پاناما جے آئی ٹی رپورٹ پر سماعت میں خواجہ حارث نے دلائل سمیٹے تو اسحاق ڈارکے وکیل دلائل دینے کے لئے اٹھے لیکن سپریم کورٹ نے انھیں روکتے ہوئے کہا پہلے حسن اورحسین نواز کے وکیل کو سُننا چاہتے ہیں۔
جس پر وزیر اعظم کے بچوں کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بعد میں دلائل دیں گے، کچھ اہم ریکارڈ گزشتہ رات موصول ہوا ہے جو وہ عدالت میں جمع کرانا ہے ۔
جسٹس اعجازافضل نے مکالمے میں کہا اس کا مطلب ہے آپ کوشش کریں تو ریکارڈ مل سکتاہے، ریکارڈ جےآئی ٹی کو کیوں نہیں پیش کیا، جس پر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ حسین نواز کے بینیفشل مالک ہونے کی دستاویزات پیش کی تھیں۔
وکیل صفائی نے کہا کہ اہم ریکارڈ دبئی، سعودی عرب اور دیگر ملکوں سے منگوایا ہے، مزید ملکوں کے نام بتا کر میڈیا اسٹوری نہیں بنانا چاہتے۔
عدالت نے کہا کہ شریف خاندان کا ریکارڈ کچھ اچھا نہیں، دستاویزات دیکھنا اور پڑھنا چاہتے ہیں،جب بھی وقت مانگتے ہیں قطری خط آجاتا ہے۔