تازہ ترین

نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی

لاہور: اڈیالہ جیل میں قید کاٹنے والے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی، اہلیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں مزید توسیع کر دی ہے، محکمۂ داخلہ پنجاب نے توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

اس سے قبل دو بار سابق وزیرِ اعظم کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی جا چکی ہے، دو دن قبل پنجاب کے محکمۂ داخلہ نے نواز شریف اور ان کی صاحب زادی کی پانچ دن پیرول پر رہائی کے لیے جاری کی جانے والی سمری پر دستخط کیے تھے۔

چالیسیوں تک جاتی امرا کو سب جیل قرار دینے کی قرارداد

دوسری طرف سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو کلثوم نواز کے چالیسویں تک اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔


یہ بھی پڑھیں:  شہبازشریف کلثوم نوازکی میت لے کر لندن سے پاکستان روانہ، آج صبح لاہور پہنچیں گے


قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی میاں نصیر احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں نواز شریف کی اہلیہ کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار اور کلثوم نواز کی جمہوریت کے لیے خدمات پر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کے لیے کسی المیے سے کم نہیں، شریف خاندان کی ملک کے لیے خدمات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ انسانی ہم دردی کی بنا پر نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں توسیع کی جائے اور انھیں واپس اڈیالہ جیل منتقل نہ کیا جائے۔

قرارداد میں حکومتِ پنجاب سے اپیل کی گئی کہ جاتی امرا کو چالیسویں تک سب جیل قرار دیا جائے اور تعزیت کے لیے آنے والے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں سے نواز شریف کو ملنے کی اجازت دی جائے۔

Comments

- Advertisement -