وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بیمار ہیں تو اللہ انہیں صحت دے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ عدالت کا حکم نہ ہوتا تب بھی عمران خان کو صحت کی سہولیات ملنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ کسی کی بیماری پر شائستگی اور انسانیت کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں، سیاسی اختلافات کے باوجود ایک دوسرے سے شائستہ انداز میں ملاقات اور گفتگو ہونی چاہیے۔
یہ پڑھیں: سپریم کورٹ کا عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم
نئے صوبوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی اپنے موقف پر قائم ہے نئے صوبوں سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ اور عوام کو کرنا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال سیاسی طور پر ختم ہوچکے ہیں، دانستہ اشتعال انگیزی کی باتیں کی جارہی ہیں تاکہ ردعمل ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبوں سےمتعلق قوانین پہلے ہی پاس کرچکے ہیں، دوبارہ ضرورت پڑی تو معاملہ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، معاملےکو غیر ضروری تنازع بنانے کے بجائے قانون کےمطابق عمل کیا جائے۔


