کراچی(5 دسمبر 2025): سینیئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جن روٹس پر پیپلز بس سروس چل رہی ہے وہاں نجی بسیں بند کروا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ ہماری کوشش ہے زیادہ سے زیادہ ای وی بسیں لیکر آئیں، سندھ پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جس نے ای وی بسوں کا آغاز کیا ہے اور ہماری کوشش ہے سندھ سے باقی بسوں کا خاتمہ کریں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم پرائیویٹ بسیں زبردستی بند کرواسکتے ہیں لیکن ایسا نہیں کر رہے لیکن جن روٹس پر پیپلز بس سروس چل رہی ہے وہاں پرائیویٹ بسیں بند کروارہے ہیں، حکومت ٹرانسپورٹرز کو سود فری قرضہ دینے کو تیار ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ دسمبر میں کراچی میں نئے روٹس شروع کررہے ہیں، خیر پور، سکھر ٹو شکار پور پیپلز بس شروع کررہے ہیں، ٹنڈو محمد خان سے لیکر حیدرآباد تک بھی بسیں چلیں گی، ہمیں ٹریفک سسٹم کو مزید بہتر کرنا پڑے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سخت قانون بنا رہی ہے کہ لوگ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں، اگر ٹرک یا ٹرالر والے کی غلطی ہوگی تو ٹریفک قوانین کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی کے رہنما ہمارے دفاتر آئیں، ہمیں تجاویز دیں ہم چیزیں بہتر کریں گے، ہم آپ کو اور عوام کو بھی جواب دہ ہیں، ہم آپ کو کھلے دل سے دعوت دے رہے ہیں تجاویز لائیں، کوشش ہے اس ماہ یا اگلے ماہ گورنمنٹ کی پہلی ٹیکسی سروس بھی شروع کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


