کراچی(27 نومبر 2025): سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ فلم، ڈاکیومنٹری اور تخلیقی مواد کے ذریعے قومی بیانیہ اور ترقی کو مؤثر انداز میں پیش کیا جائے۔
سندھ کے وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کراچی میں محکمہ اطلاعات کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں نے محکمہ اطلاعات کی پروڈکشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تکنیکی معیار بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی بھی ہدایات کی۔
شرجیل میمن نے محکمہ اطلاعات کو تمام فلمی اور میڈیا پروجیکٹس جلد مکمل کرنے اور حکام کو صوبے کے جاری میگا پروجیکٹس اور ترقیاتی کاموں کی بروقت اور مؤثر تشہیر کی ہدایات کردی۔
شرجیل انعام میمن نے جاری منصوبوں پر بریفنگ لی، متعلقہ حکام کو ہدف کے مطابق کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی، اس دوران فلمی منصوبوں کی پیش رفت، ادارےکی مجموعی حکمت عملی اور قومی بیانیہ اجاگر کرنے سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ فلم، ڈاکیومنٹری اور دیگر تخلیقی مواد کے ذریعے قومی بیانیہ اور ترقیاتی اقدامات کو مؤثر انداز میں پیش کیا جائے، میڈیا کے ذریعے معاشرے میں مثبت پیغام پھیلانا وقت کی ضرورت ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ فلم اور میڈیا کے ہر شعبے میں وہ مواد تیار کرنا چاہیے جو صوبے کی ثقافت، حکومتی کارکردگی موثر انداز میں سامنے لائے، ثقافت، تاریخ اور عوامی خدمات کے شعبوں کو فلم و میڈیا کے ذریعے نمایاں طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوان فلم سازوں اور میڈیا پروفیشنلز کو مواقع دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ایسے منصوبے تیار کیے جائیں جو ترقیاتی منصوبوں، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور توانائی میں پیش رفت کو عوام تک پہنچائیں۔


