کراچی : سوشل میڈیا پر کردار کشی اور الزامات سے متعلق سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کردیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے مبینہ طور پر الزامات لگانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا فارنزک آڈٹ شروع کردیا گیا ہے۔
میر رضا قتل کیس سے متعلق شرجیل میمن کی جانب سے ان کیخلاف سوشل میڈیا پر کردار کشی کے معاملے میں این سی سی آئی اے کراچی نے 4 افراد کو طلب کرلیا۔
شرجیل میمن نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ان کیخلاف ہتک آمیز اور من گھڑت مواد کی تشہیر کی شکایت کی گئی تھی۔
این سی سی آئی اے کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے سید عبداللہ، امین قریشی، بلال وارثی اور عبید قریشی نامی افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کردیے۔
چاروں افراد کو 13 اگست کی صبح 11:30 بجے این سی سی آئی اے کراچی میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں ہدایت دی گئی ہے کہ چاروں افراد اپنے ساتھ اصل شناختی کارڈ، شواہد و دستاویزات اور ڈیجیٹل ڈیوائسز لے کر آئیں۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر کراچی اسٹوریز نامی فیس بک پیج نے بھی اس معاملے پر اپنی وضاحت جاری کردی۔
کراچی اسٹوریز نامی فیکس بک پیج ایڈمن نے صوبائی وزیر شرجیل میمن کی کردار کشی پر ان سے معافی مانگ لی۔ اپنے وضاحتی بیان میں کراچی اسٹوریز کا کہنا ہے کہ ان سے متعلق غلط خبر شائع کرنے پر معذرت کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ متعلقہ سوشل میڈیا پیجز کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے، یاد رہے کہ شرجیل میمن پر میر رضا کیس سے جڑے گیسٹ ہاؤس کی ملکیت سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے تھے، جس پر انہوں نے این سی سی آئی اے سے رجوع کیا تھا۔
بےبنیاد الزام اور جھوٹا مواد، شرجیل میمن کی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کیخلاف این سی سی اے میں شکایت


