کراچی (1 اکتوبر 2025): رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا مریم نواز دھمکیاں دیں اور ہم حکومتی بینچز پر بیٹھے رہیں۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں شرمیلا فاروقی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان پر ردعمل دیا جس پر پاکستان پیپلز پارٹی سخت ناراض ہے۔
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ بیان بازی کا سلسلہ کافی دنوں سے جاری تھا جو اب بڑھ گیا ہے، مریم نواز نے غیر مناسب گفتگو کی حکومتیں ایسے نہیں چلتیں کہ میرا پیسہ اور میرا پانی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں نہریں بنانے کی بات ہو تو انہیں تکلیف کیوں ہو جاتی ہے، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کی تعریف کی اس پر ہمیں اعتراض تھا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی بات کرتے ہیں تو سامنے سے گولہ باری ہوتی ہے، ہمارے رہنما پنجاب کے حالات بتا رہے ہیں سیاست نہیں کر رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں آپ کس طرح لوگوں کی مدد کر رہے ہیں؟ آپ 10 لاکھ دینا چاتی ہیں تو بی آئی ایس پی سے 10 لاکھ ہی دے دیں، پروگرام کا نام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے تو آپ استعمال کرنا نہیں چاہتیں۔
شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کو جا کر 4 سیلائی مشین دے دینا یہ مدد نہیں ہوتی، آپ اتحادیوں کی عزت نہیں کریں گے تو ہم حکومتی بینچز پر کیا بیٹھیں، یہ وقت بیان بازی کا نہیں ہے سیلاب متاثرین کی اکٹھے مدد کریں، کوئی اتحادی ایسی گفتگو کو برداشت نہیں کرے گا۔
’مریم نواز کا کوئی ذاتی بیان نہیں وہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہیں۔ یہ آپ کا پانی نہیں پاکستان کے عوام کا پانی ہے۔ سیلاب متاثرین کی مدد کا مطالبہ وفاق سے کیا ہے پنجاب سے نہیں۔ یہ نہیں ہو سکتا آپ دھمکیاں دیں اور ہم حکومتی بینچز پر بیٹھے رہیں۔ جب تک معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے حکومتی بینچز پر نہیں بیٹھیں گے۔‘
رہنما پیپلز پارٹی نے بتایا کہ کراچی کی 162 سڑکوں کی مرمت شروع ہو گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


