ڈرامہ سیریل ’شرپسند‘ میں زونی شیخ کا اپنے کردار ’حفصہ‘ کی موت کے بعد دیا گیا بیان وائرل ہو گیا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل پر ڈرامہ سیریل ’شرپسند‘ نشر کیا جا رہا ہے جس میں نعمان اعجاز، نادیہ افگن، حرا مانی، عفان وحید، حریم فاروق، شہزاد رضا، احسن افضل، زونی شیخ اور دیگر شامل ہیں۔
کہانی دھوکہ دہی اور چالاک شخص فراست علی کے گرد گھومتی ہے جس کا کردار نعمان اعجاز نبھا رہے ہیں۔
فراست محلے میں دوسرے گھروں میں تانک جھانک کرتا ہے اور لوگوں کی باتوں کو اپنی جانب سے مختلف رنگ دے کر پورے علاقے میں انہیں بدنام کر دیتا ہے۔
گزشتہ قسط میں نوجوان کردار حفصہ نے خودکشی کر لی، یہ کردار باصلاحیت ابھرتی ہوئی اداکارہ زونی شیخ نے ادا کیا ہے۔ انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے ’شرپسند‘ کو الوداع کہا ہے۔
زونی شیخ نے لکھا کہ اور یہ سفر اپنے اختتام کو پہنچتا ہے، شرپسند صرف ایک ڈرامہ نہیں تھا یہ ہمیشہ میرے دل میں رہے گا۔ حفصہ کو الوداع کہنا آسان نہیں، وہ کیمرہ بند ہونے کے بعد بھی کافی دیر تک میرے ساتھ رہی۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ وہ اعتماد کرنے کے لیے ہدایت کار احسن طالش کی شکر گزار ہیں اور اس ٹیم کا شکریہ ادا کرتی ہیں جس نے ہر دن پردے پر ان کی مدد کی۔ یہ سب اس خوبصورت تجربے کے لیے ہمیشہ دل میں زندہ رہیں گے۔
View this post on Instagram
دوسری جانب شرپسند کے ناظرین حفصہ کی موت پر شدید غمزدہ ہیں اور فراست اور اس کے خاندان پر ناراض ہیں، جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ وہی اس کی موت کی وجہ بنے۔
ایک مداح نے لکھا کہ اسے خودکشی نہیں کہا جائے گا، یہ قتل فراست علی نے کیا ہے اور اسے سزا ملنی چاہیے۔ ایک اور پرستار نے تبصرہ کیا کہ حفصہ مضبوط لڑکی تھی اسے خودکشی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ ایک خاتون مداح نے لکھا کہ حفصہ کی موت نے مجھے رُلا دیا ہے۔
صحافی و بلاگر، 10 سال سے اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں


