ممبئی (17 فروری 2026): بالی وڈ اداکار اور لوک سبھا کے رکن شتروگھن سنہا نے اپنے مشہور فلمی ڈائیلاگ ’خاموش‘ کے غیر قانونی استعمال کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق شتروگھن سنہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ڈائیلاگ ’خاموش‘ کے مبینہ غلط استعمال کے خلاف تحفظ کیلیے بمبئی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
اپنے بیٹے لو سنہا کے ذریعے دائر کی گئی اس درخواست میں انہوں نے اپنے نام، تصویر اور مشہور ڈائیلاگ کے غیر مجاز استعمال کے خلاف تحفظ مانگا ہے اور مؤقف اختیار کیا کہ اس سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سوناکشی سنہا کا بالی وڈ کے ابتدائی دنوں سے متعلق اہم انکشاف
درخواست میں میٹا، ایکس، گوگل، ای کامرس ویب سائٹس، بلاگرز، الیکٹرانکس کمپنیوں سمیت نامعلوم افراد کو فریق بنایا گیا۔ شتروگھن سنہا نے اپنا دعویٰ بھارتی آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت حق رازداری اور کاپی رائٹ قانون کے تحت فنکاروں کے حقوق پر مبنی رکھا ہے۔
درخواست میں انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے طویل فلمی کیریئر کے ذریعے جو شہرت کمائی ہے اسے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر داغدار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اپنی شخصیت، نام، آواز، دستخط اور مشہور ’خاموش‘ ڈائیلاگ کو ان کی رضامندی کے بغیر استعمال کرنے سے روکنے کیلیے حکم امتناعی کی استدعا کی۔ علاوہ ازیں، اداکار نے 20 کروڑ روپے ہرجانے یا اس طرح کے غیر مجاز تجارتی استعمال سے حاصل ہونے والے منافع کا بھی دعویٰ کیا۔
ان کے مطابق طنزیہ مواد کے ذریعے ان کی تصویر کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے جس سے ان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔
درخواست میں یہ دلیل دی گئی کہ ان کے اس حق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ ان کے کردار کو کس تناظر میں استعمال کیا جائے اور عدالت سے فوری طور پر ایسے عمل کو روکنے کا حکم دینے کی درخواست کی گئی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر اپنا عبوری فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ مشہور ڈائیلاگ ’خاموش‘ شتروگھن سنہا نے 1974 کی فلم ’بدلہ‘ میں ’راجو دادا‘ کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی گرجدار آواز میں بولا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


