کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان کاٹن اسٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ کے 25 ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان کاٹن اسٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ کے ملازمین کی برطرفی سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 25 ملازمین کو ریگولر قرار دے دیا اور ان کی برطرفی کے احکامات کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکلان نے دہائیوں قبل ادارے میں ملازمت اختیار کی اور انہیں 2007 اور 2019 میں مستقل کیا گیا تھا، تاہم بعد میں قوانین کے برخلاف بعد از ریٹائرمنٹ فوائد دیے بغیر برطرف کر دیا گیا۔
Saudi Riyal to Pakistani Rupee Rate Today- SAR to PKR
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ملازمین کی ابتدائی تقرری 1993 میں عارضی بنیادوں پر کی گئی تھی اور انہیں وفاقی کابینہ کے رائٹ سائزنگ فیصلے کے تحت برطرف کیا گیا، بورڈ کے پاس ملازمین کو مستقل کرنے کا اختیار نہیں تھا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں کے بورڈز مستقل کرنے کے مجاز ہیں، اور حیرت کا اظہار کیا کہ ملازمین کو مستقل کرنے کے احکامات کو تاحال کسی نے چیلنج نہیں کیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ریکارڈ کے مطابق درخواست گزار ریگولر ملازمین ہیں اور سروس رولز کے تحت انہیں تمام فوائد دیے جانے چاہئیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزاروں کی برطرفی غیر قانونی ہے اور انہیں تمام واجبات و مراعات سمیت بحال کیا جائے۔


