کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی نیپرا کے خلاف تمام درخواستیں ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا کے خلاف دائر مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران وکیل کے الیکٹرک نے مؤقف اختیار کیا کہ نیپرا نے 2024 سے 2030 تک کے لیے ٹیرف اور ملٹی ایئر ٹیرف کا تعین کیا تھا، جس کے خلاف وزارتِ توانائی نے نیپرا کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی۔
وکیل کا کہنا تھا کہ نیپرا نے وزارتِ توانائی کی نظرثانی درخواست کو اپیل میں تبدیل کر دیا اور اس پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
مزید پڑھیں : کے الیکٹرک کی ملکیت سے متعلق اہم انکشافات
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وزارتِ توانائی وفاقی کابینہ کی اجازت کے بغیر اپیل دائر نہیں کر سکتی، جبکہ نیپرا کو نظرثانی کی درخواست کو اپیل میں تبدیل کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
کے الیکٹرک کے وکیل نے مزید کہا کہ نیپرا کی جانب سے درخواست کو اپیل میں تبدیل کرنے کا حکم نامہ بھی فراہم نہیں کیا گیا، اور ادارے نے کمپنی کے اعتراضات پر فیصلہ نہیں سنایا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کے الیکٹرک کی تمام درخواستیں ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


