پیر, فروری 16, 2026
اشتہار

11 بچوں کے والد کو شناختی کارڈ کے اجرا میں تاخیر، نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویریفکیشن کے وارنٹ گرفتاری جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے 11 بچوں کے والد کو شناختی کارڈ کے اجرا میں تاخیر پر نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویریفکیشن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں گیارہ بچوں کے والد مولانا عبدالبشر کا شناختی کارڈ نہ بننے کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ جاری نہ ہونے کے باعث ان کے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ وہ 2004 سے شناختی کارڈ کے اجرا کے لیے نادرا دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں لیکن تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے نادرا حکام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر تمام دستاویزات موجود ہیں تو شناختی کارڈ کیوں جاری نہیں کیا جا رہا؟

عدالت نے استفسار کیا کہ نادرا نے جواب میں کہاں لکھا ہے کہ شہری کی دستاویزات جعلی ہیں؟ "نادرا نے تو 11 بچوں کو پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری کیے ہیں، پھر شناختی کارڈ روکنے کی کیا وجہ ہے؟”

جسٹس کلہوڑو نے مزید کہا کہ "یہ لوگ آپ کے پاس کیوں آئیں؟ کیا آپ نے اپنی عدالت لگا رکھی ہے؟ اگر آپ عوام کے مسائل حل کرتے تو یہ عدالت کیوں آتے؟ کیا آپ ریاست کے اندر ریاست قائم کر بیٹھےہیں۔”

عدالت نے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویریفکیشن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے اور سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ شناختی کارڈ کے عدم اجرا کی وجہ سے ان کے 11 بچوں کو داخلہ تک نہیں مل رہا اور ان کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں