جمعرات, فروری 12, 2026
اشتہار

جامعہ کراچی کا جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخی کا فیصلہ معطل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی کا جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخی کا فیصلہ معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی کراچی یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری منسوخی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر عمران صدیقی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے جامعہ کراچی کا جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخی کا فیصلہ معطل کردیا۔

عدالت نے سنڈیکیٹ اور ان فیئر مینز کمیٹی کی سفارشات پر مزید کسی کارروائی سے بھی روک دیا۔

سماعت کے دوران رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر عمران صدیقی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ ہمیں دو روز قبل نوٹس موصول ہوا ہے، جواب دینے کے لیے مہلت دی جائے۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ جواب کے لیے کتنا وقت درکار ہے؟ اس پر وکیل صفائی نے کہا کہ جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی جائے لیکن تب تک ڈگری منسوخی کے آرڈر کو معطل کیا جائے۔

مزید پڑھیں : جامعہ کراچی نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخ کردی

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر اس دوران درخواست گزار کے خلاف کارروائی ہوگئی تو بعد ازاں نقصان کا ازالہ کون کرے گا؟

جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا کہ "یہاں ایک شخص کی زندگی بھر کی کمائی داؤ پر لگی ہے، ڈگری کے معاملے پر کیا متاثرہ فریق کو نوٹس دیا گیا تھا؟” رجسٹرار نے مؤقف اپنایا کہ ان کی پوسٹنگ نئی ہے اور اس معاملے کا انہیں علم نہیں۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے ذاتی مفاد کی وجہ سے درخواست گزار کے خلاف کارروائی کی گئی ہو، 30 سے 35 سال بعد اگر کوئی درخواست دی جاتی ہے تو متاثرہ شخص کو لازمی سنا جانا چاہیے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ فریقین کو سنے بغیر کیے گئے فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، یکطرفہ فیصلہ اچھی ججمنٹ نہیں کہلاتی۔

سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں