لاہور: پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کہتے ہیں کہ لینڈ مافیا اورآف شور کمپنیوں کے مالک عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں، تحریک انصاف آج اپنے ہی خلاف ریلی نکال رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا کمیشن دودھ کا دودھ، پانی کا پانی کردے گا۔
شہباز شریف نے تحریک انصاف کے رہنماوٗں کو مشقِ ستم کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’علیم خان کہتے ہیں کہ 28 لاکھ میں لندن میں چار فلیٹ خریدے، اتنے میں تو لندن میں ہوٹل کا کمرہ نہیں ملتا‘‘۔
شہباز شریف نے کہا کہ اشرافیہ نے اربوں رپے کے قرضے معاف کرائے اوراس کے بعد بھی آف شورکمپنیاں بنائیں۔ یہ بڑے لوگ نہیں بلکہ چھوٹے لوگ ہیں جنہوں نے ملک کو کنگال کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر کمیشن کی انکوائری میں میرا نام آتا ہے تو مجھے سزا ملے، لیکن ملک آگے بڑھنا چاہئے۔
شہباز شریف نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ’’عمران خان تم تھک جاؤ گے، شہباز شریف قرضے معاف کرانے والوں کے خلاف آخری حد تک جائے گا‘‘۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں ایک نظریاتی گروہ کرپشن میں ملوث افراد کے خلا ف نبرد آزما ہے، عمران خان اپنے دائییں بائیں دیکھیں، انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف درحقیقت آج اپنے خلاف ہی ریلی نکال رہی ہے۔
تقریر کا اختتام وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے مخصوص انداز میں شعربھی پڑھا۔
خوشبؤں کا اک نگر آباد ہونا چاہیے
اس نظامِ زر کو اب برباد ہونا چاہیے