سیہون : درگاہ لعل شہباز قلندر پر خود کش دھماکے کے بعد سندھ بھر کے اہلِ ادب، دانشور اور فنکار بھی یکجہتی کے لیے بارگاہ پہنچ گئے جب کہ معروف کلاسیکل رقاصہ شیما کرمانی نے درگاہ میں دھمال ڈال کر عقیدت کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دہشت گردی کا واقعہ بھی عقیدت مندوں کو درگاہ آنے سے نہ روک سکی اور آج اہل ادب، دانشور اور فنکاروں کی بڑی بھی نذرانہ عقیدت کے لیے سیہون پہنچ گئے۔
اس موقع پرکلاسیکل رقاص اور معروف فنکارہ شیما کرمانی نے مزار کے احاطے میں مخصوص انداز میں قلندرکی دھمال ڈالی جس کے دوران پوری درگاہ حق اللہ کے اور جھولے لعل کے نعروں سے گونج اُٹھا۔
اس موقع پر درگاہ میں موجود دانشورون اور ادیبوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی عقیدت مندوں کو پیچھے نہیں ہٹا سکتیں اور صوفیوں سے سندھ کے عوام کا پیار کبھی کم نہیں ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھرپور کارروائی کرنی چاہیے جب کہ ملک میں دہشت گردوں کے خلاف متفقہ بیانیے کی ضرورت ہے جس کے لیے حکمرانوں کے ساتھ ساتھ دانشور طبقے کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔