بدھ, جون 17, 2026
اشتہار

شیما کرمانی کی تذلیل، انمول پنکی کی ‘شاہانہ’ پیشی! کراچی پولیس کے دہرے معیار پر سوالات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں وی آئی پی انداز میں پیشی اور عالمی شہرت یافتہ فنکارہ شیما کرمانی کے ساتھ انتہائی شرمناک رویے نے کراچی پولیس کے دہرے معیار پر سوالات اٹھا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے انصاف کے دوہرے معیار کی ایک بدترین مثال سامنے آئی ہے، جہاں منشیات کے دھندے میں ملوث ملزمہ کو ’وی آئی پی‘ پروٹوکول دیا گیا جبکہ ملک کا نام روشن کرنے والی عالمی شہرت یافتہ فنکارہ کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا گیا۔

انمول پنکی کا شاہانہ انداز

بدنام زمانہ ’کوکین کوئین‘ انمول عرف پنکی کو جب عدالت میں پیش کیا گیا تو پولیس کا رویہ کسی سرکاری محافظ کے بجائے ذاتی ملازم جیسا تھا۔ ملزمہ بغیر کسی ہتھکڑی کے، ہاتھ جھلاتی ہوئی کسی مہارانی کی طرح عدالت کے احاطے میں چہل قدمی کرتی رہی، جبکہ باوردی پولیس افسران اسے راستہ دکھانے اور سہولت فراہم کرنے میں مصروف نظر آئے۔

انمول پنکی، جو سرِ عام قانون کو چیلنج کرتی رہی ہے کہ ”پکڑ سکتے ہو تو پکڑ لو“، اسے ملنے والے اس پروٹوکول نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بڑے سوالات اٹھا دیے ہیں۔

شیما کرمانی کے ساتھ ناروا سلوک 

دوسری جانب پاکستان کا فخر اور انسانی حقوق کی علمبردار، عالمی شہرت یافتہ فنکارہ شیما کرمانی کے ساتھ کراچی پولیس کا رویہ انتہائی شرمناک رہا۔

ایک پرامن شہری اور بزرگ فنکارہ کو کسی دہشت گرد کی طرح گرفتار کیا گیا اور انہیں سڑکوں پر گھسیٹا گیا، پولیس نے شیما کرمانی کی عمر، ان کی سماجی حیثیت اور عالمی مرتبے کا ذرہ برابر بھی لحاظ نہیں کیا، جس سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو معاشرے کی رگوں میں منشیات کا زہر گھول رہے ہیں اور انہیں تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری طرف انسانیت اور فن کی خدمت کرنے والوں کو تذلیل کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

کراچی پولیس کے اس دوہرے رویے نے ثابت کر دیا ہے کہ شہر میں قانون کی حکمرانی کے بجائے طاقتور اور جرائم پیشہ افراد کے لیے الگ ضابطے موجود ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں