جمعہ, فروری 14, 2025
اشتہار

غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ قابل مذمت ہے، ایم کیوایم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ شہر میں جاری بجلی کی طویل بندش قابل مذمت ہے، کے الیکٹرک سحری اور افطار کے وقت بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے اعلامیہ میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ نہیں کیا جس کی وجہ سے اسے نیشنل گرڈ کی 650 میگا واٹ بجلی پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹر ک کا این ٹی ڈی سی سے معاہدہ بھی ختم ہو گیا ہے جس کی تجدید نہ ہونے کی صورت میں کراچی میں کسی بھی وقت بجلی کا شدید بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ نیشنل گرڈ کی بجلی پر کراچی کے شہریوں کا بھی حق ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ کے الیکٹر ک انتظامیہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی پیداوار ی صلاحیت کو طلب کے تناسب سے مزید بڑھائے۔

رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ رمضان کے مہینے میں تمام غیر ضروری دیکھ بھال کے کاموں کو موخر کر کے اعلا نیہ لوڈ شیڈنگ کے علاوہ بجلی کی بندش کو فی الفور ختم کیا جائے، علاوہ ازیں نیشنل گرڈ سے حاصل ہونے والی سستی بجلی کا فائدہ شہریوں کو بجلی کے نرخ میں کمی کی صورت میں دیا جائے۔

کے الیکٹر ک کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اضافی بلز پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کے الیکٹرک تمام اضافی بل نیپرا کے کنزیومر سروس مینوئل کے تحت بنائے گئے ہیں جو شہریوں سے بھتہ وصول کرنے کے مترادف ہیں۔

کے الیکٹرک میں بھرتیوں کے حوالے سے اراکین رابطہ کمیٹی نے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ادارے میں کراچی کے شہریوں کو نظر انداز کرنا بند کیا جائے اور غیر مقامی افراد کو نوکری دینے کے بجائے مقامی افراد کو میرٹ پر نوکری فراہم کی جائے‘‘۔

رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پانی و بجلی، وزیر اعلیٰ سندھ اور نیپرا سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی میں کے الیکٹرک کی من مانیوں کا فوری نوٹس لیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں