The news is by your side.

Advertisement

’’حمزہ شہباز کے باہر آنے سے مریم نواز کو مشکلات کا سامنا ہوگا‘‘

کراچی: معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کے باہر آنے سے مریم نواز کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز پارٹی کو ہائی جیک کرچکی تھیں، حمزہ شہباز کے باہر آنے سے ان کی مشکلات بڑھیں گی۔

شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز نے حمزہ شہباز کا شو خراب کرنے کی کوشش کی، حمزہ شہباز کی رہائی پر ن لیگ کی بہنیں بہت خوش نظر آئیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حمزہ اور مریم نواز کے بڑوں نے ملک میں کرپشن کو فروغ دیا، حمزہ شہباز ضمانت پر ہیں باتیں ایسے کررہے ہیں جیسے بری ہوگئے، عدالتی معاملات عدالت میں بتائیں میڈیا کو نہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ حمزہ شہباز مفرور تایا جان سے کہیں کہ وطن واپس آجائیں، انہوں نے پاکستان کے عوام کو کنگال کیا اور اپنی جیبیں بھریں، اپنے دور میں انڈے اور مرغی کا ریٹ فکس کرنے والے آج باتیں کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حمزہ شہباز کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قرض کا بوجھ اتنا زیادہ ہوگیا ہے کہ قرض اتارنے کے لیے مزید قرض لیا جاتا ہے، یہ کہتے تھے پیٹرول مہنگا ہو تو مان لو کہ حکمراں کرپٹ، چور ہیں، اب ملک میں پیٹرول ایک ماہ میں چار چار بار مہنگا کیا گیا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ڈھائی سالوں میں ایک منصوبہ بھی نہیں لگاسکی، آج آٹے کی قیمت آسمانوں کو چھو رہی ہے، شہباز شریف کے دور میں ادویات مفت ملتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تین سال بدترین انتقام کے باوجود ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، جن کا دامن صاف ہوتا ہے وہ عدالتوں اور جیلوں کا سامنا کرتے ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں