لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ مختلف حلقوں میں کابینہ میں ردوبدل کی باتیں چل رہی ہیں، کابینہ میں ردوبدل کوئی غیر آئینی اقدام نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں ردوبدول کوئی غیرآئینی اقدام نہیں ہے، عمران خان لیڈر ہیں ان کا جو بھی فیصلہ ہوگا ہمیں عمل کرنا ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ اسد عمر بہت قابل آدمی اور پی ٹی آئی کے لیڈر ہیں، ان کی زندگی کے کسی بھی شعبے میں باعث عزت ہے، بہت سے لوگ اسد عمر کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسد عمر نے مشکل صورت حال میں بہت اچھا کام کیا ہے، ذاتی حیثٰت میں اسد عمر کے جانے سے اچھا محسوس نہیں ہوا، کابینہ میں کون کام کرے گا وہ وزیراعظم عمران خان کا اختیار ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے کہا کہ عثمان بزدار اگلے 5 سال کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، وزیراعظم چاہتے ہیں عثمان بزدار محنت کریں اور کارکردگی دکھائیں۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل
شہباز گل نے کہا کہ 2014 میں جب مسلم لیگ ن حکومت میں آئی تو 20 بلین ڈالر کا خسارہ تھا، 2018 میں جب ن لیگ حکومت گئی تو ملکی خسارہ 37 بلین ڈالر ہوگیا، اسد عمر نے 8 ماہ میں خسارے کو 16 فیصد کم کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے وزرا کے قلمدان میں تبدیلی کی ہے ، وزیر اعظم آفس کے مطابق فوادچوہدری کوسائنس و ٹیکنالوجی کا قلم دان دیا گیا ہے، غلام سرور کو ایوی ایشن کی وزارت دی گئی، جب کہ میاں محمد سومرو سے ایوی ایشن کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا۔
اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنا دیا گیا، شہریارآفریدی سیفران کے وزیرمملکت ہوں گے، اعظم سواتی کو پارلیمانی امور کا قلمدان دےدیا گیا، جب کہ اسد عمر کی جگہ فی الحال عبدالحفیظ شیخ مشیر خزانہ مقرر کیے گئے ہیں.
فردوس عاشق اعوان وزارت اطلاعات ونشریات کی معاون خصوصی مقرر کی گئی ہیں، ظفر اللہ مرزا وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت مقرر کیا گیا ہے.