لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف لاہور سے لندن روانہ ہوگئے جہاں وہ سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 کے ذریعے لندن روانہ ہوگئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ہمراہ مصطفیٰ رمدے ، سلمان شہباز اور ان کے بچے بھی ہیں۔
شہباز شریف سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کریں گےجس میں وہ چوہدری نثارعلی خان کا اہم پیغام بھی نوازشریف تک پہنچائیں گے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نیویارک سے لندن پہنچ گئے
وزیر خارجہ خواجہ آصف ، مریم نواز اور حسن،حسین نواز بھی اس ملاقات کا حصہ ہوں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں نیب کی کارروائی،آرٹیکل 62 اور63 پر بات چیت بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف یکم اکتوبر کو لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔
ماڈل ٹاؤن رپورٹ پبلک نہ کرنے پرتوہین عدالت درخواست دائر
دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل رپورٹ عام نہ کرنے پروزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکریٹری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ رپورٹ عام نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف لندن سے وطن واپس پہنچے تھے، شہبازشریف کلثوم نواز کی عیادت کے لیےگزشتہ ماہ لندن گئے تھے۔