اسلام آباد (1 مارچ 2026): وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں علاقائی و خطے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت علاقائی اور پاکستان کی سکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سی ڈی ایف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
ایران اسرائیل امریکا جنگ سے متعلق تمام خبریں
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں علاقائی و خطے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، پاکستان کے خطے میں امن کے قیام کیلیے کردار اور مختلف اقدامات زیر غور آئے۔
اجلاس میں افغانستان کی صورتحال کا بھی بغور جائزہ لیا گیا، اجلاس کو ملک کی داخلی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی شہریوں کے ایران سے انخلا کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ نے تفصیلی بریفنگ دی کہ آذربائیجان کے ذریعے پاکستانی شہریوں کے ایران سے انخلا کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی سکیورٹی پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں بدلتی عالمی سکیورٹی صورتحال اور ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے مغربی سرحد پر افغان طالبان رجیم کی جاری جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی کا جائزہ لیا۔ شرکا نے پاک افواج کی جانب سے فتنہ الخوارج کی سرکوبی کیلیے مؤثر اور جامع کارروائیوں کی تعریف کی اور سالمیت، خود مختاری اور وقار کیلیے ہر قیمت پر حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں امریکا و اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں ہونے والے حملوں کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
شرکا نے عالمی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں جامع و متفقہ قومی خارجہ و داخلہ پالیسی کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کیا۔


