ڈیووس (21 جنوری 2026): عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی تعریف کی ہے۔
وزیر اعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ شہباز شریف نے کرسٹالینا جورجیوا کو پاکستان کی جانب سے میکرو معاشی اصلاحات سے آگاہ کی کیا جبکہ دونوں میں عالمی اقتصادی نقطہ نظر اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش چیلنجز پر بات چیت ہوئی۔
ایم ڈی آئی ایم ایف نے طویل المدتی اقتصادی لچک یقینی بنانے کیلیے اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی شرائط ، آئندہ بجٹ کی تیاری شروع
ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، حکومت مالیاتی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مسلسل عمل پیرا ہے، محصولات میں اضافے اور پائیدار ترقی کیلیے پاکستان پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معاشی استحکام کیلیے اصلاحات کا عمل تیز رفتاری سے جاری رکھا جائے گا۔
کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اصلاحاتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، طویل مدتی معاشی لچک کیلیے اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنا ضروری ہے، معاشی استحکام کیلیے کثیر الجہتی تعاون ناگزیر ہے۔
جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان عالمی اقتصادی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


