لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے حکومت کی اینڈیمنٹی بانڈ کی شرط کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی جس پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ میاں صاحب صحت بہتر نہ ہونے پر مدت میں توسیع کی درخواست بھی دے سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ عدالت نے 4 ہفتے کی اجازت دی ہے، صحت بہتر نہ ہونے پر مدت میں توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے انسانی بنیادوں پر نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیا، عدالت نے حکومت کے انڈیمنٹی بانڈ کی شرط کو مسترد کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی
مسلم لیگ ن کے صدر نے نواز شریف کے لیے دعا کرنے پر کارکنوں، رہنماؤں اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن نواز نے مریم نواز کو فون کیا ہے، مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی باہر جانے کی تیاری مکمل ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی روانگی کا سامان تیار ہوگیا ہے بس کلیئرنس سرٹیفکٹ ملنے پر ایئرایمبولینس تیار ہوگی۔
یاد رہے کہ کچھ دیر قبل ہی لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کی انڈیمنٹی بانڈ کی شرط مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔